جمعیة علماء ہند کے یوتھ کلب اور پرمارتھ نکیتن آشرم رشی کیش کے زیراہتمام 25 اگست سے رشی کیش 'امن و ایکتا' اور محبت و حفظان صحت کا پیغام لیکر شروع ہوئی سہ روزہ امن ایکتا و ہریالی یاترا آج دیوبند پہنچی جہاں سے ملک میں بھائی چارے کے قیام پر زور دیتے ہوئے شجرکاری کرکے فضائی آلودگی سے انسانیت کو بچانے کا عہد لیا گیا۔
جمعیة علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا سید محمود مدنی نے یاترا کے دوسرے مرحلے کے تحت دیوبند کے محمود ہال میں منعقد پروگرام میں امن ایکتا ہریالی یاترا پروگرام کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی فضا زہریلی ہوچکی ہے، اس ملک کی امن و شانتی کو اس وقت خطرات لاحق ہے،جہاں ملک میں مذاہب،علاقائیت اور طبقات کے نام پر نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ وہیں ملک کی فضاء مکدر ہوگئی، آلودگی سے انسانی زندگی کو بڑے خطرات لاحق ہوگئے ہیں'۔
شہروں میں سانس لینا مشکل ہوگیا ہے، اتنا ہی نہیں بلکہ فضائی آلودگی کے سبب نباتات اور جانداروں کی جانیں خطرے میں پڑچکی ہیں اس لئے جمعیة علماء ہند یوتھ کلب نے فیصلہ کیاہے کہ پرمارتھ نکیتن آشرم رشی کیش کے ساتھ مل کر ایسا کام کیا جائے جس سے انسانوں کے ساتھ ساتھ تمام جانداروں کو فائدہ پہنچے اور بھارتی سے فضائی آلودگی کا خاتمہ کیاجاسکے'۔
مولانا مدنی نے کہا کہ سہ روزہ اس یاترا میں بلا تفریق مذہب و ملت کے تمام طبقات کے لوگ شامل ہیں جو ملک سے نفرت کا خاتمہ کرکے آپسی بھائی چارہ کو مضبوط بنانے اور فضائی آلودگی کو ختم کرکے انسانی زندگی کو تحفظ فراہم کرانا چاہتے ہیں۔ اس دوران انہوں نے یاترا کے اہم حصہ شجرکاری پر بھی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تمام لوگوں سے شجرکاری میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی اپیل کی۔
انہوں نے احادیث کے حوالہ سے شجرکاری کی اہمیت کو بیان کیا اور اس عمل کو صدقہ جاریہ بتاتے ہوئے کہاکہ کوئی ایسی جگہ نہ رہے جہاں ہریالی اور تالاب نہ ہوں۔
اس دوران پرمارتھ نکیتن آشرم رشی کیش کے سوامی چدانند سرسوتی نے ہندو مسلم بھائی چارہ اور شجرکاری کی ضرورت کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم صرف اپنے لیے ہی نہیں بلکہ تمام جانداروں کی بھلائی اور آب و ہوا کے لیے جئیں، انہوں نے کہاکہ ماحولیات کی حفاظت اور اس ملک کے عوام کی سربلندی اور خوشی کیلئے متحد ہوکر کام کریں۔ انہوں نے سر زمین دیوبند کو ہندو مسلم ایکتا کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہاں ایک طرف عالمی شہرت یافتہ دینی تعلیمی ادارہ ہے تو دوسری جانب تری پور بالاسندری دیوی مندر ہے جس سے اکثریتی فرقہ کی عقیدتیں جڑی ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسان وہی ہے جو انسانیت اور بھلائی کے لیے کام کرے۔
جمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا قاری سید عثمان منصور پوری نے کہاکہ جمعیة علماءہند نے ہمیشہ تمام مذاہب اور فرقوں کے لوگوں کو ساتھ لیکر ملک میں امن وشانتی،بھائی چارے اور ملک کی ترقی کے لیے کام کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک سے فضائی آلودگی ختم کرنے اور بھائی چارہ کو مضبوط کرنے کے لیے اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد ہوتا رہنا چاہئے۔ اپنے صدارتی خطاب میں جمعیة علماءہند کے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی نے شجری کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تمام لوگوں سے شجرکار ی کرنے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دینے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں جمعیة علماءہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، معروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی، مولانا یامین اور ماجد علی وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔ بعدازیں مہم کے تحت دیوبند میں گھلولی چیک پوسٹ، دیوی کنڈ اور محمود ہال سمیت مختلف مقامات پر پودے لگاکر حفظان صحت کا پیغام دیاگیا۔