جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں یوم مادر کے موقع پر ایک ہیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ ناجائز تعلقات پر شبہ کرتے ہوئے سشما گڈیا نامی خاتون نے اپنے چار سالہ بچے اور شوہر کا قتل کردیا۔ قتل کے بعد ملزم سشما فرار ہوگئی۔
وہ عورت جو فرار ہے
اس حیرت انگیز واردات کے منظرعام پر آنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ اتوار کی صبح جب سبھی اپنی والدہ کو یوم مادر کی مبارکباد دے رہے تھے، جگن ناتھ پور مندر کے قریب رہنے والی سشما اپنے 4 سالہ بچے امیت اور شوہر لوکس گڈیا کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئی۔
اس سے قبل بھی خاتون نے خودکشی کی کوشش کی تھی
معلومات کے مطابق لوکس اور سشما کے مابین اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔ لوکس کو شبہ تھا کہ ان کی اہلیہ سشما کا غیر مرد سے ناجائز تعلق ہے۔ اس معاملے پر ان کے مابین اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جھگڑے کی وجہ سے سشما نے اپنے بچے کے ساتھ ایک بار کنویں میں چھلانگ لگا دی تھی لیکن اس وقت اسے مقامی لوگوں کی کوششوں سے بچایا گیا تھا۔
صبح میں ملی اطلاع، شوہر اس وقت زندہ تھا
اتوار کی صبح سشما کے گھر سے خون نکل رہا تھا۔ جس کو دیکھ کر مقامی لوگ اندر گئے۔ وہاں موجود نظارے سے ہر کوئی حیرتزدہ رہ گیا۔ وہاں باپ بیٹا خون سے لتھ پتھ تھے۔ 4 سالہ امیت کی سانس رک چکی تھی لیکن لوکس کی سانس ابھی بھی جاری تھی۔ جس کے بعد مقامی لوگوں نے اسے علاج کے لئے ریمس بھیج دیا لیکن اس نے بھی راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
سببل اور ٹانگی سے مارا گیا
ہٹیا کے ایس پی وینیت کمار نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ اتوار کی صبح قتل کیا گیا ہے۔ ملزم سشما نے قتل کو انجام دینے کے لئے گھر میں پڑی سببل اور ٹانگی کا استعمال کیا۔ بچے اور لوکس کی گردن اور سر پر وار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے دونوں کی موت ہوگئی ہے۔
پولیس ملزم کی تلاش میں ہے
اپنے بچے اور شوہر کے قتل کے بعد ملزم سشما فرار ہے۔ پولیس کی ایک ٹیم اس کی تلاش کر رہی ہے۔ اس کی گرفتاری کے بعد ہی قتل کے وجوہات کا خلاصہ ہو سکے گا۔