جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے صدر ہیمنت سورین نے جے وی ایم صدر بابو لال مرانڈی سے ملاقات کے بعد کہا کہ ریاست کے لوگوں نے عظیم اتحاد کو واضح اکثریت دیا ہے اور انتخاب میں بابو لال مرانڈی اور ان کی پارٹی کے الگ الگ لڑنے کے باوجود پارٹیوں کے اہداف یکساں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو بہتر سمت دینے کے لیے ایک ساتھ کام کرنا سبھی کی ذمہ داری ہے۔
جے وی ایم سپریمو مسٹر مرانڈی نے کہا کہ الگ الگ انتخاب لڑنے کے باوجود دونوں پارٹیوں کا ہدف ، غریبوں ، کسانوں ، نوجوانوں اور استحصال زدہ طبقوں کی بھلائی کے لیے یکساں طور سے کام کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ہیمنت سورین حکومت کو مکمل حمایت دے گی اور اس سے متعلق حمایت کا تحریری خط بھی دے گی اور یہ حمایت بغیر کسی شرط کے ہوگی اس بات پر کہ ان کی پارٹی حکومت میں شامل ہوگی یا نہیں اسکا فیصلہ وزیراعلیٰ کا ہوگا کہ وہ کسے اپنے کابینہ میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
مسٹر سورین نے کہا کہ انہوں نے گورنر سے وقت مانگا ہے اور تقریبا آٹھ بجے گورنر ہاﺅس پہنچنے اور حکومت تشکیل دینے کا دعوی کرنے کا ا مکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں پورے ملک سے مبارک بادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں اور لوگوں کی خواہش ہے کہ حلف تقریب شاندار طریقے سے ہو۔
جے ایم ایم پارٹی کے رہنما نے جے وی ایم کو حکومت میں شامل کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اس پر بعد میں غور و خوض کیاجائے گا کیونکہ فی الحال حکومت کی تشکیل کا عمل چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی کا بھی خیر مقدم کرنے کے لیے تیار ہیں جو ایک ساتھ کام کرسکیں اور جھارکھنڈ کی ترقی کے لیے بھی سنجیدہ ہوں۔