مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج آنے کے بعد نیشنل کانفرنس نے چھ، کانگریس نے دو، بی جے پی نے 3 اور آزاد امیدواروں نے تین سیٹوں پر فتح حاصل کی تھی۔
یہاں آٹھ اراکین کو جوڑ کر کونسل چیئرمین بنانے کے لیے جاری کشمکش اب تھم گئی ہے، نیشنل کانفرنس نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے مشترکہ طور پر چیئرمین اور نائب چیئرمین منتخب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے رہنماؤں نے اپنی جیت درج کرنے والے نمائندوں کے ہمراہ ایک میٹنگ نیشنل کانفرنس کے سینیئر رہنما دیویندر سنگھ رانا کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ جموں میں کی۔
اس میٹگ میں این سی کے صوبائی نائب صدر و سابق ایم ایل اے ڈاکٹر چمن لعل، صوبائی سیکرٹری جموں شیخ بشیر، کانگریسی رہنما و سابق رکن اسمبلی بانیہال وقار رسول اور ضلع صدر رامبن سجاد شاہین موجود تھے۔
میٹنگ میں یہ کہا گیا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے کانگریس کے ساتھ یہ اتحاد فرقہ پرست طاقتوں کو اتحاد سے دور رکھنے کے لیے کیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل رامبن میں اپنا چیئرمین اور نائب چیئرمین منتخب کرنے کے لیے جوڑ توڑ اور مبینہ خرید فروخت کی خبریں آرہی تھیں، اس کے علاوہ یہاں بی جے پی اور تین آزاد اُمیدوار بھی اپنا چیئرمین بنانے کا دعوی کررہے تھے۔
نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر ڈاکٹر چمن لعل نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس اپنا چیئرمین بنائے گی اور کانگریس کی طرف سے ڈپٹی چیئرمین کو منتخب کیا جائے گا اور اس کے لیے نوٹیفیکیشن کے بعد ایک میٹنگ میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔