حزب مخالف رہنما و سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو آج ارریہ کے رانی گنج اسمبلی حلقہ کے راجد امیدوار کمار منگلم کے حق میں عوام سے ووٹ کی اپیل کرنے پہنچے۔
ہائی اسکول کے میدان میں انتخابی ریلی میں موجود ہزاروں لوگوں سے مخاطب تیجسوی یادو نے کہا کہ موجودہ این ڈی اے کی حکومت نے عوام کو صرف بے وقوف بنانے کا کام کیا ہے، مگر عوام اب سمجھ چکی ہے اور جلد ہی نتیش کمار کی افسر شاہی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کو تیار ہے.
رانی گنج کے امیدوار کمار منگلم کے حق میں لوگوں سے ووٹ مانگتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ اب لالٹین کی باری ہے اور یہ تبھی ممکن ہوگا جب آپ بلا اختلاف اپنے امیدوار کو فتح کر کے اسمبلی بھیجیں گے.
تیجسوی یادو نے کہا کہ آپ کے درمیان کا امیدوار نہایت ہی سنجیدہ اور قابل انسان ہے، زمینی سطح پر عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کرنے والے ہیں، اگر ایسے لوگوں کو آپ منتخب کر کے بھیجیں گے تبھی آپ کے علاقے میں ترقی ممکن ہے، یہ موقع پھر دوبارہ نہیں آنے والا اس لیے اس بار کوئی غلطی نہیں ہونی چاہیے.
تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر ہم اقتدار میں آتے ہیں تو سب سے پہلے دستخط سے دس لاکھ بے روزگاروں کے لیے روزگار دیا جائے گا، یہی نہیں مساوی کام کے بدلے مساوی تنخواہ بھی دی جائے گی اور جو لوگ کانٹریکٹ پر بحال آشا ملازم ہیں انہیں مستقل کیا جائے گا.
نتیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ جب لوگوں کو آپ سے امیدیں تھیں اس وقت آپ سوئے ہوئے تھے، آج کس منھ سے ووٹ مانگ رہے ہیں، اس دفعہ لوگوں نے عزم کر لیا ہے کہ ہر حال میں بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت بنائیں گے.