روہتک (ہریانہ): بہار سے کثیر تعداد میں مہاجر مزدور کام کی تلاش میں ہریانہ کے روہتک پہنچے ہیں، ان کی سیاسی جماعتوں کے لیے ایک انوکھی پیش کش ہے۔ انہوں نے اس پارٹی کو ووٹ دینے کا وعدہ کیا ہے جو ان کی واپسی کا انتظام کریں گے۔
گرچہ بڑی تعداد میں مہاجر مزدور حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے بہار واپس لوٹنا چاہتے ہیں، لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ نہیں ہے کہ وہ طویل سفر کرکے بہار جائیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ مزید یہ کہ وبائی مرض کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں متعدد چیلنج کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: تیجسوی کا نتیش کمار کو کھیلی بحث کے لیے چیلنج
بہار انتخابات پر مہاجر مزدوروں کا ردعمل
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مہاجر مزدوروں نے کہا ہے کہ وہ اس پارٹی کے حق میں ووٹ کریں گے جو ان کے سفری اخراجات برداشت کرنے کی ذمہ داری لے۔
بہار سے تعلق رکھنے والے مہاجر مزدور محمد خوشنور نے کہا کہ'ہم گھر سے تھوڑی سی رقم لے کر آئے تھے اسی سے اپنی ضروریات پوری کرر ہے ہیں۔ اگر کوئی ہمیں گھر واپس لے جانے کا انتظام کرتا ہے تو ہم اسے ضرور ووٹ دیں گے۔'
اسی طرح کے خیالات کااظہار کرتے ہوئے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک دیگر مزدور محمد نظام نے کہا کہ' ہم بے بس تھے اور کام کی تلاش میں یہاں آئے۔ اب ہم واپس نہیں جاسکتے۔ اگر کوئی سفر کی کفالت کے لیے تیار ہوتا ہے ہم ضرور اس کے حق میں ووٹ کریں گے'۔
ایک اور مزدور سنیل کمار جو دربھنگہ سے روہتک آئے ہیں انہوں نے بتایا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے، اور وہ گھر واپس جانے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا اگر ہمیں کام مل تا ہے تو دو وقت کی روٹی کھاتے ہیں ورنہ کام نہ ملنے کی صورت میں ہم بھوکے سوتے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ' اب جب کہ انتخابات کا وقت آگیا ہے، اگر کوئی پارٹی ہمیں گھر لے جانے کے لیے تیار ہے تو ہم انہیں ووٹ دیں گے۔'