راجد کے ضلع صدور، جنرل سکریٹری و بلاک صدور کے لیے دو روزہ ٹریننگ کیمپ منعقد کیا گیا جس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار سمیت پورے ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے، کسانوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے اور مہنگائی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ان مسائل سے عوام کو واقف کروانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کے حقوق کے لیے اور غریب و بے سہارا افراد کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ پارٹی کی کارکردگی سے بھی عوام کو واقف کروایا جائے۔ انہوں نے فرقہ پرست طاقتوں کو کمزور کرنے پر بھی زور دیا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ راجد پارٹی کو مزید توسیع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’بوتھ جیتیں گے تبھی انتخاب جیتیں گے۔
اس دو روزہ تربیتی کیمپ میں مختلف موضوعات پر غور و خوض کیا گیا اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے لائحۂ عمل تیار کیا گیا۔ اجلاس میں اضلاع سے آئے صدور و دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔
تیجسوی یادو نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جب آپ مضبوط ہوں گے، تبھی ہم مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ضمنی انتخاب منعقد ہوں گے جس میں پارٹی کے امیدوار کو جتانے کی ذمہ داری بھی آپ پر ہے اور اگر یہ امیدوار کامیاب ہوتے ہیں تو ہم آگے کا منصوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے نتیش کمار حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو ایماندار ہیں انہیں جیل بھیجا جارہا ہے اور جو بے ایمان ہیں انہیں آگے بڑھایا جارہا ہے۔ اس لیے ایسی حکومت کو سبق سکھانا ضروری ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے کئی سینیئر رہنما، رکن پارلیمان، رکن اسمبلی بھی موجود تھے۔