راشٹریہ جنتا دل کے ریاستی ترجمان اعجازاحمد نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سماج سدھار یاترا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا شراب بندی کے معاملے میں خود ان کی اتحادی پارٹی کو اختلاف ہے۔
این ڈی اے اتحاد کے جیتن رام مانجھی Jaiten Ram Manjhi شراب بندی قانون میں سب سے بڑی رکاوٹ افسران اور لیڈران کو بتا رہے ہیں، جبکہ جے ڈی یو رکن اسمبلی بھاگلپور کے بی جے پی رکن پارلیمان پر ہی شراب فروخت کا الزام عائد کر رہے ہیں، مگر حکومت کی جانب سے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔
'خواتین کے نام پر وزیر اعلیٰ شراب بندی مہم کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔ آج شراب بندی کے نام پر سب سے زیادہ انہیں خواتین کو پولس کے ذریعہ ہراساں کیا جاتا ہے۔ اس لئے وزیر اعلیٰ کا سماج سدھار یاترا بے محل سا لگتا ہے۔
مزید پڑھیں:راجد کے سابق وزیر کانگریس کے موجودہ ایم ایل سی جےڈی یو میں شامل
اعجاز احمد نے کہا کہ بہار میں چھوٹے چھوٹے بچے منشیات کے عادی ہو چکے ہیں۔ پٹنہ کے سڑکوں پر بچے نشہ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ مگر ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔
'اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نتیش کمار سماج سدھار یاترا کے ذریعہ صرف اپنا چہرہ چمکانا چاہتے ہیں۔ یہ فضول خرچی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ بنیادی مسائل کی طرف سے لوگوں کا ذہن بھٹکانے کے لئے یہ سب حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔'