پٹنہ: جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ پپو یادو اور سابق مرکزی وزیر راجیو پرتاپ روڈی کے مابین ایمبولینس کے مسئلے پر لفظی جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پپو یادو نے ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے راجیو پرتاپ روڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پپو یادو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ راجیو پرتاپ روڈی جی ریت ڈھلائی کے ذریعے ایمبولینس کا استعمال بہت بہترین طریقے سے کررہے ہیں۔
اس کے لیے ان کے پاس ڈرائیور بھی موجود ہے۔ لیکن مریضوں کی مدد کے لیے ایمبولینس چلانے کے لیے ان کے پاس کوئی ڈرائیور نہیں۔
پپو یادو نے جو ویڈیو شیئر کیا ہے اس میں راجیو پرتاپ روڈی کا نام واضح طور پر لکھا ہوا نظر آرہا ہے۔ لیکن یہ ایمبولینس مریضوں کے لیے کام نہیں کررہی ہے، بلکہ اسے ریت کی ڈھلائی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ ایم پی فنڈ سے خریدے گئے ایمبولینس کا استعمال مریضوں کے لیے نہ کرنے پر اب سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
سوالات پوچھے جارہے ہیں کہ جہاں ملک ایمبولینس، آکسیجن کی کمی سے دو چار ہے، وہاں یہ ایمبولینس کیوں نہیں استعمال میں لایا جارہا ہے۔
پپو یادو کے مطابق اس وقت ملک کے جو حالات ہیں اس میں ایمبولینس کی سخت ضرورت ہے، لیکن اسے چھپا کر رکھا گیا ہے۔