لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتار دیا ہے۔ اطلاعات کےمطابق ایل جے پی آج دیر شام تک اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر سکتی ہے۔
خیال رہے کہ ایل جے پی کے صدر چراغ پاسوان نے اعلان کیا تھا کہ پارٹی صرف جے ڈی یو امیدواروں کے خلاف ہی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ لیکن ایل جے پی گووند گڑھ اور لال گنج اسمبلی حلقوں میں بی جے پی کے خلاف اپنا امیدوار اتارے گی۔
جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے ایل جے پی سے رکن پارلیمان پشوپتی ناتھ پارس سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی کا حال ہی میں انتقال ہوگیا ہے۔ لہذا اس وقت وہ اس معاملے پر کوئی سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے۔
غورطلب ہے کہ بی جے پی نے گووند گنج سے سنیل منی تریپاٹھی اور لال گنج سے سنجے کمار سنگھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جبکہ گووند گنج اسمبلی حلقہ سے راجو تیواری اور لال گنج اسمبلی حلقہ سے راج کمار شاہ ایل جے پی سے رکن اسمبلی ہیں۔ ایسے میں ایل جے پی رہنماؤں نے اپنی سیٹیں نہ چھوڑ نے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس صورتحال میں ایل جے پی دونوں حلقوں میں بی جے پی کے خلاف اپنے امیدوار کو ٹکٹ دینے پر غور کرنے پر مجبور ہے۔
واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے 243 نشستوں کے لیے ووٹنگ تین مرحلوں میں ہوگی۔ ووٹنگ 28 اکتوبر، 3 نومبر اور 7 نومبر کو ہوگی۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی 10 نومبر کو ہوگی۔ پہلے مرحلے کے انتخابات میں 16 اضلاع کی 71 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے 3 نومبر کو 17 اضلاع میں 94 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوگی اور تیسرے مرحلے میں 7 نومبر کو 15 اضلاع میں 78 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔