ریاست بہار میں حج 2021 کے لیے آن لائن درخواست داخل کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، کورونا کی وجہ سے نئی گائیڈلائن کے مطابق عازمین حج کو فارم پُر کرنا ہوگا۔
بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر راشد حسین نے بتایا کہ حج 2021 کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، اس دفعہ حکومت کی نئی گائیڈلائن کے تحت 18 سے 65سال تک کے عمر کے لوگوں کو ہی حج پر جانے اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے 5 لوگوں کے بجائے 3 لوگوں کا کور بنایا جارہا ہے اور اب تک 100 سے زیادہ لوگوں کا رجسٹریشن ہو چکا ہے۔
راشد حسین نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اخراجات کی فکر کیے بغیر زیادہ سے زیادہ درخواستیں جمع کرائیں، ریاستی حج کمیٹی عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گی، اب تک اخراجات کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، وہیں ریاستی حج کمیٹی یہ کوشش کر رہی ہے کہ گیا امبارکیشن پوائنٹ کو برقرار رکھا جائے۔