بہار کے گیا میں مہاتما گاندھی کی جینتی کے موقع پر آج گاندھی منڈپ میں تمام مذاہب کی جانب سے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس خاص موقع پر کمشنر مینک وروڑے، ڈی ایم ابھشیک کمار سنگھ، ایس ایس پی ادتیہ کمار، سٹی ایس پی راکیش کمار اور دیگر اعلی حکام موجود تھے اور انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کل مذاہب دعائیہ تقریب کا آغاز پہلے ہندو مذہب کی طرف سے وشنوپتھ کے پجاری نے مذہبی کتاب کا پاٹھ پڑھ کر کیا اور اس کے بعد اس کا ترجمہ کیا جبکہ مسلمانوں کی طرف سے مولانا عظمت اللہ ندوی نے شرکت کی اور قرآن پاک کی چند آیتوں کی تلاوت کی، اس کے بعد اس آیت کا ترجمہ کیا۔ اسی طرح سکھ، بودھ اور عیسائی مذہب کے رہنماوں نے بھی اپنی اپنی مذہبی کتاب کے کچھ حصے پڑھے اور اس کا ترجمہ کیا۔
اس موقع پر مہاتما گاندھی اور سابق وزیراعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کی تصویر پر گلپوشی کر کے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کمشنر مینک وروڑے نے مہاتما گاندھی کی جینتی کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سچی عقیدت مہاتما گاندھی کے نظریات پر عمل کر کے اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ان کے خوابوں کا ملک بناکر پیش کی جاسکتی ہے جبکہ افسران کو چاہیے کہ وہ ایمانداری سے اپنے کام انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: گیا میں مہاتما گاندھی میموریل کی اہمیت
واضح رہے کہ مہاتما گاندھی کی شہادت کے بعد یہاں انکی آخری رسومات کی راکھ جسے کلش بھی کہاجاتا ہے وہ لاکر رکھی گئی اور جس جگہ پر کلش رکھا گیا تھا وہاں پر ایک عظیم "استوب " بھی تعمیر ہوا تھا۔ اسی سے متصل گاندھی منڈپ ہے جہاں پر ہر برس 2 اکتوبر کو مہاتماگاندھی کی جینتی پر شہر کے سبھی مذہبی رہنما اور ضلع کے اعلی حکام ایک ساتھ بیٹھ کر مہاتماگاندھی کی آتما کی شانتی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ یہ روایت مہاتما گاندھی کی شہادت کے بعد شروع ہوئی تھی جو آج تک جاری ہے۔