سی پی آئی ایم ایل سے رکن اسمبلی محبوب عالم نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ اس بار ایوان میں عظیم اتحاد کی حامی پارٹیوں کے ساتھ مل کر بائیں بازو کی جماعت حکومت کو عوامی مسائل پر گھیرے گی'۔
کٹیہار کے بلرامپور اسمبلی حلقہ سے چوتھی بار ریکارڈ 55 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئے سی پی آئی ایم ایل سے رکن اسمبلی محبوب عالم نے کہا کہ نتیش کمار فاسسٹ قوتوں کے ساتھ مل کر بہار کے غریب اقلیتوں اور دلتوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ سیکولر شبیہ والے نتیش کمار فاسسٹ قوتوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو پریشان کرنے والا قانون این آر سی کے حامی ہو گئے ہیں۔ 43 سیٹ حاصل کرنے والے نتیش کمار 243 ایم ایل اے پر راج کرنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے انہوں نے بی جے پی کی بالا دستی قبول کر لی'۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب اقلیت نہیں بلکہ مسلمانوں کی وجود کا سوال ہے۔ فسطائی طاقتیں مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہے اور مسلمانوں کو قتل عام کرنے کی سازش رچ رہی ہے، بی جے پی کے رہنما 50 لاکھ مسلمانوں کو ملک بدر کرنے کی بات کررہے ہیں۔انہوں نے ویشالی کی گلناز کو نذر آتش کیے جانے والے سانحہ پر کہا کہ' ان کے کیس کو 15 دنوں تک کیوں دباکر رکھا گیا، حکومت 15 دنوں تک کیوں خاموش رہی، ان تمام سوالوں کا جواب حکومت کو دینا ہو گا۔