ریاست بہار کے شہر گیا میں یوم آزادی کے موقع پر سول لائن تھانہ کے راجندر آشرم کے علاقے میں جلیبی خریدنے پر دوگروپوں میں جھڑپ ہوگئی۔ معاملہ آہستہ آہستہ بڑھتا گیا اور یہ تنازعہ ایک معرکہ آرائی میں تبدیل ہو گیا۔ دونوں طرف سے سنگ باری بھی ہوئی۔ جھڑپ کے بعد ڈر کے سبب مقامی دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کردیں۔
اطلاع ملنے کے بعد سِٹی ایس پی راکیش کمار موقعے پر پہنچے اور انکی قیادت میں پولیس اہلکاروں نے کافی کوششوں کے بعد ہنگامہ آرائی کو ختم کرایا۔
عینی شاہدین کے مطابق راجیندر آشرم کانگریس کے دفتر کے سامنے واقع ایک مٹھائی کی دکان میں یوم آزادی کے موقع پر جلیبی خریدنے کے لئے ہجوم تھا۔ اس دوران جلیبی پہلے لینے کے چکر میں دو افراد کے مابین جھگڑا ہوگیا۔ یہ تنازعہ آہستہ آہستہ بڑھتا گیا اور معاملہ سنگ باری تک جا پہنچا۔
پولیس کی مداخلت کے بعد معاملہ ٹھنڈا پڑ گیا، لیکن احتیاط کے طور پر راجندر آشرم پر پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔
سِٹی ایس پی راکیش کمار نے بتایا کہ ’’حالات پر سکون کرا لئے گئے ہیں، پولیس آگے کارروائی کریگی، جنکے بھی نام اس معاملے میں آئیں گے انکے خلاف کارروائی کی جائیگی۔‘‘