پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے لیے عظیم اتحاد کے بعد این ڈی اے نے بھی سیٹوں کی تقسیم پر حمتی فیصلہ لے لیا۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ ان کی پارٹی جے ڈی یو 122 نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ اس میں سے سات سیٹیں جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہندوستانی عوامی مورچہ 'ہم' کو دی جائیں گی۔ اسی کے ساتھ ہی بی جے پی 121 سیٹوں پر مقابلہ کرے گی۔ جن میں سے پانچ نشستیں مکیش سہنی کی پارٹی وی آئی پی کو دی جائیں گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ ہم این ڈی اے کا اتحادی ہیں۔ اس میں بات چیت ہوچکی ہے۔ نشستوں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے اپنی حکومت کے کام کاج کی تفصیلات بھی بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انصاف کے ساتھ ترقی کی ہے۔ ہر علاقےمیں سڑکیں اور بجلی کی سپلائی میں بہتری آئی ہے۔
نتیش کمار نے کہا کہ ہم بہار کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ بہت سارے لوگ غیرضروری باتیں کرتے ہیں۔ میں ان کی پرواہ نہیں کرتا۔ یہاں تک کہ 15 برس قبل بھی دوسرے لوگوں کو موقع ملا، جس دوران کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، بہار کی کیا حالت تھی، وہ سب جانتے ہیں، ہم نے ہمیشہ انصاف کے ساتھ ترقی کی بات کہی۔
اس سے قبل ریاستی بی جے پی صدر سنجے جیسوال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہار میں این ڈی اے رہنما نتیش کمار ہیں، نتیش کمار کی سربراہی میں بہار اتحاد میں سب کچھ ہو رہا ہے۔ بی جے پی نتیش کمار کی قیادت کو پوری طرح قبول کرتی ہے۔ ہم ان کی قیادت کو قبول کرنے والے این ڈی اے اتحاد میں رہیں گے۔ بی جے پی انہیں وزیر اعلی بنانے کی پوری کوشش کرے گی اور ہم نتیش کمار کی سربراہی میں تین چوتھائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔
بتادیں کہ وزیر اعلی نتیش کمار کے ساتھ پریس کانفرس میں نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی، بی جے پی انتخاب انچارج دیویندر فڈنویس، بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال بھی تھے۔
بہار بی جے پی کے انتخابی انچارج دیویندر فڑنویس کی سربراہی میں بی جے پی کے اعلی رہنما نے آج نتیش کمار سے 1 گھنٹہ سے زیادہ وقت تک بات چیت کی۔ اس ملاقات کے بعد بی جے پی قائدین نے وزیر اعلی کی رہائش گاہ سے باہر نکلتے ہوئے میڈیا سے بات نہیں کی۔ بی جے پی انچارج بھوپندر یادو، ریاستی صدر سنجے جیسوال اور نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال نے کہا ہے کہ قومی جمہوری اتحاد وہی رہے گا جو نتیش کمار کی قیادت کو قبول کرے گا۔ ہم نتیش کمار کی قیادت میں لڑ رہے ہیں۔ نتیش کمار کو وزیر اعلی بنانا ہے۔ این ڈی اے حکومت تین چوتھائی اکثریت سے بنے گی۔
بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اب تک این ڈی اے میں کسی بھی نشست کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بہت سی نشستوں پر بی جے پی اور جے ڈی یو میں تنازع ہے اور اسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے بی جے پی کے اعلی رہنما نے آج وزیر اعلی نتیش کمار سے ایک میٹنگ کی۔