امارت شرعیہ اپنی سو سالہ تاریخ میں پہلی بار امیر شریعت کے انتخاب کے تعلق سے عظیم بحران کا شکار ہے۔ نائب امیر شریعت کے ذریعے انتخاب کے متعلق لئے گئے فیصلے سے بڑا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ بے باک مسلم رہنما اشفاق رحمٰن نے کہا ہے کہ ایک شخص کے لئے امارت شرعیہ کے وجود کو پامال کیا جارہا ہے۔
اپنے بے باک بیان و تحریر کے لئے معروف مسلم رہنما اور جنتا دل راشٹر وادی کے قومی کنوینر اشفاق الرحمٰن نے ای ٹی وی سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ آج امارت شرعیہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ کسی ایک شخص کے لئے گھیرا بندی کی جارہی ہے، ہو سکتا ہے کہ وہ شخص معصوم ہو مگر اس کے آس پاس جو لوگ لگے ہوئے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ آٹھ دس ہزار کی تنخواہ ملے اور 80 کروڑ کی امارت کی جائیداد پر ان کا قبضہ ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ امارت شرعیہ ملت کا اثاثہ ہے، اس پر چند لوگوں کی نظر ہے، انہوں نے نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی کی تقرری پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ولی رحمانی علیہ الرحمہ خود سے دستخط نہیں کرتے تھے لیکن نائب امیر کی تقرری کے متعلق دو خط سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امارت کی تاریخ ایک صدی پر مشتمل ہے لیکن اسلام کی چودہ سو سالہ تاریخ میں اس طرح کے کوئی شواہد نہیں ملتے جس میں کسی امیر کی تقرری کے لئے 150 لوگ ووٹ دیں گے۔
انہوں نے سی آئی اے اور ملک کی سو سالہ مسلم مخالف تنظیم آر ایس ایس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیمیں مسلم اداروں میں شرپسند عناصر کو داخل کرکے ان اداروں کو تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امارت شرعیہ کے صدر مفتی سہیل احمد قاسمی نے جو فتویٰ دیا ہے وہ حق ہے، اس کی روشنی میں امیر شریعت کے انتخاب کے لئے جو لوگ بھی ووٹنگ میں حصہ لیں گے وہ منافق اور منتخب ہوکر آنے والا بھی امیر منافقین ہوگا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آر ایس ایس ہمارے اداروں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ مجھے شک ہے کہ یہاں بھی کچھ لوگ ایسا کررہے ہیں۔ انہوں نے نائب امیر شریعت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی علم نہیں ہے، ایک نوجوان شخص کو کیسے نائب امیر بنادیا گیا۔ لوگ آر ایس ایس کی کٹھ پتلی نہیں بنیں یہی میرا مطالبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امارت شرعیہ کے امیر شریعت کا انتخاب ملتوی
انہوں نے امارت شرعیہ کے شوریٰ کو معصوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو علم ہی نہیں ہے کہ مرحوم مولانا ولی رحمانی نے امارت شرعیہ کو ٹرسٹ بنا دیا ہے۔ شوریٰ میں نا اہل لوگ بیٹھے ہیں، کیا ان کو پتہ ہے کس سے منظوری لے کر امارت کو ٹرسٹ بنایا گیا ہے۔