اترپردیش کے سابق کابینی وزیر اور سماج وادی پارٹی کے قومی سکریٹری مولانا جاوید عابدی نے اکھیلیش حکومت کی تعریف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’اکھیلیش حکومت نے اترپردیش میں تعمیر و ترقی یا نیا باب لکھا تھا۔‘‘
جاوید عابدی نے ان باتوں کا اظہار نوئیڈا سیکٹر 30 میں منعقدہ پارٹی پروگرام کے دوران کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا جاوید عابدی نے کہا کہ ’’اتر پردیش میں اکھلیش یادو حکومت کے دور میں ترقی کی ہوا چلی تھی، لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملا۔ جب سے ریاست میں عوام دشمن پالیسیوں والی بی جے پی حکومت آئی ہے تب سے ترقی کا پہیہ رک گیا ہے۔‘‘
عابدی نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی حکومت نے اب تک زمینی سطح پر کوئی کام انجام نہیں دیا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: مظفرنگر فساد متاثرین میں نئے مکانات کی تقسیم
انہوں نے مزید کہا: ’’ریاست میں امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہے۔‘‘ جاوید عابدی نے دعویٰ کیا کہ ’’آئندہ حکومت سماج وادی پارٹی بنائے گی، حکومت اکھیلیش یادو کے وزیر اعلیٰ بنتے ہی پہلی کابینہ میٹنگ میں 300 یونٹ تک کی بجلی مفت تقسیم کرنے کے فیصلے کو مکمل کرے گی۔‘‘
نوئیڈا میں منعقدہ پروگرام میں شیرون تیاگی، نند کشور تیاگی، سنیل چودھری، سمیت پارٹی کے کئی ممبران نے شرکت کی۔