عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے کیے گئے لاک ڈاؤن سے غریب اور مزدوروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ غریب اور یومیہ مزدوری پر کام کرنے والے افراد کی مدد کے لیے مخیر حضرات اور عام شہریوں نے اپنے دل کے دروازے کھو ل دیے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے انفرادی اور اجتماعی طور پر راشن اور دیگر اشیاء ضروریہ کی تقسیم کی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی امداد سے غریبوں کو خوراک مل سکے گی۔
نوئیڈا اور غازی آباد کے درمیان واقع کھوڑا کالونی میں بھی تقسیم کا یہ سلسلہ شروع کیا گیا۔ یہاں کثیر تعداد میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد موجود ہیں۔
کھوڑا کالونی کا شمار ہندوستان کی بڑی کچی کالونیوں ہوتا ہے۔ کھوڑا کالونی میں واقع مدرسہ دارالعلوم انعامیہ کے مہتمم مفتی زبیر صاحب اور دیگر احباب نے ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کیا۔ پہلے ضرورت مندوں کی شناخت کرکے فہرست بنائی گئی اور انہیں مدعو کیا گیا پھر سب کو اشیائے ضروریہ مہیا کرائی گئی۔
دارالعلوم انعامیہ نے مزید راشن دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں مدینہ مسجد دیپک وہار،کہوڑا کالونی، نزد لیبر چوک اور سیکٹر 58 نوئڈا میں بھی ضرورت مندوں لوگوں نے راشن و دیگر اشیاء تقسیم کئے۔ شاہد ملک کا کہنا ہے کہ استطاعت کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی کار خیر جاری و ساری رہے گا۔