ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں عیدالضحی کے پیش نظر 16 جولائی بروز جمعہ شہر ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے شہریان کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور اپیل کی کہ عیدالاضحی کی نماز اپنے گھروں پر ہی ادا کریں۔ کوئی بھی شخص عیدگاہوں کی سمت جانے کی کوشش نہ کرے۔
واضح رہے کہ مسلمانوں کے دوسرے سب سے بڑے تہوار عیدالاضحی کی آمد آمد ہے، اس موقع پر قانون کی بالادستی قائم رکھتے ہوئے شہر کے امن وامان اور سلامتی کے نقطۂ نظر سے محکمہ پولیس پوری طرح مستعد ہے۔
چندر کانت کھانڈوی نے بتایا کہ شہر کے امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 110 کے تحت 24 افراد پر کارروائی کی گئی ہیں۔ وہیں 6 جرائم پیشہ افراد کو شہر بدر کرنے کی تجویز بھی روانہ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دفعہ 107 کے تحت قریب 5 سو افراد پر کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس انتظامیہ نے متنبہ کیا کہ شہر میں اسی طرح قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہر کے امن وامان کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے، جرائم پیشہ و شرپسند افراد، عوام کو دھمکانے والے افراد اور زمین پلاٹ کے معاملے میں غنڈہ گردی کرنے والے افراد سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: شانِ رسالت میں گستاخی کے خلاف پرائیویٹ بل خفیہ کیوں؟: مفتی محمد اسماعیل
ایسے افراد کے خلاف شکایت درج کروانے کیلئے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک، اور شام میں 3 سے 5 بجے کے درمیان براہ راست ایڈیشنل ایس پی آفس پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں شکایت درج کروانے کیلئے 8010735413 پر رابطہ کریں اور شکایت درج کروائیں، پولیس انتظامیہ سخت سے سخت کارروائی کرے گی۔