ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے محلہ کھلا پار کے قدوائی نگر کے رہائشی گزشتہ آٹھ برسوں سے خستہ حال سڑک کی مرمت کرانے کے لیے ضلع انتظامیہ سے گزارش کر رہے ہیں، لیکن ان کی پریشانیوں کا کوئی حل اب تک نہیں نکل سکا ہے۔
نالوں کا گندا پانی سڑک پر جمع ہو جانے کی وجہ سے فاطمہ مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے آنے والے مصلین کو کافی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندہ عبیداللہ نے بتایا کہ فاطمہ مسجد کی سڑک پر پڑے ملبہ اور گندگی کو لوگ اپنے طریقے سے صاف کرکے راستہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ پریشانی سات آٹھ سالوں سے ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہاں تقریبا دو سو سے تین سو کے قریب نمازی نماز پڑھنے آتے ہیں اور کئی مرتبہ سڑک پر گندگی کی وجہ سے پھسل کر گر جاتے ہیں، یہاں اس قدر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کی اس کو بیان کرنا مشکل ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اپنی پریشانیوں کے تعلق سے متعدد دفعہ ضلع مجسٹریٹ آفس بھی گئے ہیں لیکن ابھی تک کچھ نہیں ہوا ہے، ہم انتظامیہ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کی جلد سے جلد پختہ سڑک بنائی جائے تاکہ لوگوں کو پریشانی سے دوچار نا ہونا پڑے۔