شہر مالیگاؤں میں تقریباً 80 فیصد آبادی پاورلوم صنعت سے وابستہ ہے اور اسی سے ان کا گزر بسر ہوتا ہے۔ لیکن آج یہ صنعت بری طرح بحران کا شکار ہے جس کے سبب بنکروں نے غیر معینہ مدت تک پاورلوم کارخانوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فی الحال پورے ملک میں ایک اضطراب کی کیفیت ہے، بالخصوص مہاراشٹر کے صنعتی شہر مالیگاؤں میں پاورلوم صنعت و دیگر کاروباری سرگرمیاں سنگین بحرانی مرحلے سے گزر رہا ہے۔ بنکر تنظیموں کی جانب سے مختلف مطالبات کو لیکر 22 جون بروز منگل سے شہر کی پاورلوم صنعت کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کو لیکر شہر کی کئی پاورلوم تنظیموں نے حمایت کا اعلان بھی کیا۔
اس تعلق سے آج شہر کے مقامی سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کی قیادت میں نمائندہ وفد نے ریاستی وزیر اسلم شیخ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آصف شیخ نے پاورلوم کے مسائل کو بتاتے ہوئے کہاکہ پاورلوم چلنے سے ہی شہر کے بنکروں اور مزدوروں کا گھر چلتا ہے انہیں روزی روٹی ملتی ہے۔ اور وہ اس سے اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرتے ہیں۔
آصف شیخ نے اسلم شیخ کو بتایا کہ 75 پیسہ فی یونٹ بجلی بل میں رعایت دی جائے، 27 ہارس پاور سے کم بجلی استعمال کرنے والے بنکروں کو بجلی سبسڈی رجسٹریشن کی شرط سے مشتسنی کیا جائے۔ اگر حکومت 27 ہارس پاور سے کم بجلی استعمال کرنے والے بنکروں کو رجسٹریشن کی شرط سے مستثنیٰ کرتی ہے تو مالیگاؤں کے 80 فی صد چھوٹے بنکروں کو بڑی راحت ملے گی۔
آصف شیخ نے تفصیل بتاتے ہوئے بنکروں کی پریشانی اور گھریلو صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اور اسلم شیخ کو بتایا کہ کس طرح مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر کا بنکر دو وقت کی روزی روٹی کے لیے جدوجہد کرتا ہے اور اسے حکومت و کاروباری مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس ملاقات میں تفصیلی گفتگو کے بعد وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ نے تیقن دلایا کہ آصف شیخ کے ساتھ آنے والے وفد کے مطالبات کو سامنے رکھ کر مثبت فیصلہ لیا جائے گا۔'
وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ نے کہاکہ بنکر، مزدور سمیت ہر کوئی لاک ڈاؤن سے پریشان ہیں، مالیگاؤں کے بنکروں کا حال بھی قابل رحم ہے، اس لیے وہ جلد ہی ایک نیا فارمولہ تیار کرکے 27 ہارس پاور سے کم بجلی استعمال کرنے والے بنکروں کو اس رجسٹریشن مہم سے مستثنیٰ رکھیں گے۔ تاکہ مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر کے بنکروں کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جاسکے۔'