ممبئی کے بھنڈی بازار میں واقع مینارۂ مسجد کی گلیوں میں شیر بانو اور ریحانہ بانو دو حجابی بہنیں بھانڈولی یعنی پین کیک بناکر فروخت کرتی ہیں، بھانڈولی دراصل گجراتی پکوان ہے، لیکن ممبئی میں اسے افطار کے وقت لوگ بہت پسند کرتے ہیں، شیر بانو کہتی ہیں کہ ان کی والدہ زبیدہ بانو نے اسی مقام پر آج سے 35 برس قبل رمضان کے مہینے میں بھاؤنڈلی بنانے کی شروعات کی تھی، رفتہ رفتہ یہ کاروبار وسیع تر ہوتا گیا، بنتا گیا، ماہِ مقدس میں اس کی فروخت زیادہ ہوتی ہے، جس سے ان کا گھر چلتا ہے۔ A Woman Who Makes a Pancake and Covers her Household Expenses
شیر بانو کہتی ہیں کہ بچپن سے ہی وہ اس علاقہ میں رہتی ہیں اور بچپن میں انہوں نے اپنی والدہ کو بھانڈولی بناکر فروخت کرتے دیکھا ہے، وہ اس کام میں اپنی والدہ کا ہاتھ بٹاتی تھیں، تاہم والدہ کے انتقال کے بعد انہوں نے اس کاروبار کو سنبھالا۔ شیر بانو دو بچوں کی ماں ہیں، ان کے خاوند اے سی میکینک ہیں، شیر بانو کہتی ہیں کہ کوئی بھی کام چھوٹا نہیں ہوتا، ہم نے روزی روٹی کے لئے اپنی والدہ کو سخت محنت کرتے دیکھا ہے، ہم نے اپنی والدہ سے ہی محنت کرنا سیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مینارہ مسجد کے اطراف کے بازار صرف روایتی بازار ہی نہیں ہیں بلکہ محنت کش عوام، خوددار خواتین، ایماندار اور دور حاضر کو چیلنج کر کے مردوں کے شانہ بشانہ چلنے والی خواتین کی مشقت سے اس بازار کی رونق برقرار ہے، خواتین بے جھجھک یہاں اپنا کاروبار کرتی ہیں۔