ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں اتوار کے روز مزید دو افراد، کووڈ 19 کی مہلک وبا کی زد میں آنے سے ہلاک ہوگئے۔
محکمہ صحت کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی کووڈ 19 ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تھی اور پونے میں ان ہلاکتوں کے بعد مجموعی طور پر 31 افراد کووڈ 19 کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔
ریاستی محکمہ صحت کے مطابق آج ریاست بھر میں کووڈ 19 کے 134 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے سب سے زیادہ کیسز ممبئی سے سامنے آئے ہیں جس کے بعد ریاست میں کووڈ 19 کے کل مریضوں کی تعداد 1895 ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی فلاح و بہبود کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 34 ہلاکتوں اور 909 مثبت کیسز کے سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کووڈ 19 کے کل کیسز کی تعداد 8356 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان میں 716 وہ مریض بھی شامل ہیں جنہیں علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے۔