ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کو لاک ڈاؤن سے باہر آتے ہی ممبئی کے متعدد علاقوں کو ٹریفک جیسی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، ٹریفک کی دقتوں کی وجہ سے عوام بھی پریشان ہے۔
ٹریفک کا سب سے زیادہ اثر جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقوں میں دیکھا جا رہا ہے، ممبئی میں بائیکلہ سے لیکر فورٹ تک پہنچنے میں کبھی محض دس منٹ درکار ہوتے تھے، لیکن موجودہ وقت میں ڈیڑھ گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔
ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں کی تیز آواز سے علاقے کے مکینوں کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ ثابت ہو رہی ہے، آواز فاونڈیشن کی صدر سمیرہ عبدالعلی کے مطابق بھارت میں ٹریفک کے دوران سب سے زیادہ صوتی آلودگی پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے متعدد قسم کی بیماریاں بھی پیدا ہوتی ہیں۔
مقامی باشندہ عمران کا کہنا ہے کہ لوکل ٹرین بند ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اسکے علاوہ سڑک کے کنارے کھڑی گاڑیوں کے سبب جگہ کی قلت کی وجہ سے ٹریفک نظام پوری طرح سے متاثر ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان علاقوں میں کسی ہنگامی صورت حال میں راحتی ٹیم کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ممبئی میں کئی جگہوں پر میٹرو کے کام کی وجہ سے راستوں کی حالت خراب ہے، حالانکہ یہ علاقے میٹرو کی فہرست میں شامل نہیں ہے، باوجود اسکے یہاں ٹریفک کا مسئلہ برقرار ہے۔