ریاست مہاراشٹر کے وادی ناکہ مہاڈا کالونی گراونڈ میں نواب ملک کی انتخابی میٹنگ میں این سی پی سربراہ شرد پوار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ سال کے دوران شیو سینا بی جے پی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کا کوئی کام نہیں کیا لہذا ایسی ناکارہ حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہم خیال سیاسی پارٹیوں نے محاذ تیار کیا ہے عوام اس محاذ کا ساتھ دیں اور بڑی تعداد میں این سی پی، کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔
انہوں نے کہا بی جے پی شیوسینا کے دور میں سماج کا کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے لہذا اس حکومت کا تخت پلٹنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقع پر نواب ملک کی سیاسی اور سماجی کارکردگی کو سراہتے ہوئے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ عوامی کام کرنے والے نواب ملک کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔
اس موقع پر نواب ملک نے بھی کہا کہ گزشتہ الیکشن حد درجہ خود اعتمادی کے سبب وہ محض 1007 ووٹوں کے فرق سے الیکشن ہار گئے تھے لیکن اس مرتبہ کوئی گوشہ فراموش نہیں کیا گیا ہے، کارکنان انتہائی محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں، یہاں پر
ہم نے میڈیکل کالج اور آئی آئی ٹی سینٹر کی تعمیر منظور کی تھی مگر شیوسینا اور بی جے پی نے اس کام میں رکاوٹیں ڈال رکھی ہیں لیکن ہم نے جو بیڑہ اٹھایا ہے اسے پار کر کے ہی دم لیں گے۔