ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں سنہ 2008 میں ہوئے بم دھماکہ معاملہ میں آج ممبئی میں خصوصی این آئی اے جج نے ملزمین کے وکیل کی سخت سرزنش کی اور ملزمین کے وکلاء کو حکم دیا کہ مالیگاوں سے ممبئی گواہی کیلئے آئے سرکاری گواہ کو دو ہزار روپے ادا کریں، کیونکہ گواہ سے جرح نہ کرنے کی صورت میں گواہ کو ممبئی میں قیام کرنا پڑے گا۔
عدالت کے حکم کے باوجودہ کل عدالت میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت تین ملزمین حاضر نہیں ہوئے جبکہ ملزمین کرنل پروہت اور سمیر کلکرنی عدالت میں دیکھے گئے۔
سادھوی پرگیہ سنگھ اور دیگر غیر حاضر ملازمین کے وکلاء نے عدالت سے درخواست کی کہ بیرون ریاست ہونے کی وجہ سے ملزمین عدالت میں حاضر ہونے سے قاصر ہیں لیکن ملزمین کی غیر موجودگی میں دفاعی وکلاء عدالت میں حاضر رہیں گے۔
خصوصی این آئی اے عدالت کے جج پی آرسٹر نے سرکاری گواہ مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے شکیل خلیفہ کو آج دوبارہ گواہی کیلئے طلب کیا گیا ہے جبکہ دفاعی وکلاء کو حکم دیا کہ وہ گواہ کو دو ہزار روپے ادا کریں نیز عدالت نے دفاعی وکلاء سے کہا کہ وہ تمام ملازمین کی عدالت میں جلد از جلد حاضری کو یقینی بنائیں ورنہ عدالت سخت فیصلہ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے گفتگو کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ مالیگاؤں شہر کے سرکاری گواہ شکیل احمد خلیفہ کی گواہی کل نہیں ہوسکی۔ اس لئے انہیں ممبئی میں قیام کرنا پڑے گا، اس تناظر میں سادھوی کے وکیل کو عدالت نے اس گواہ کو قیام و تعام کا خرچ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ اس درمیان ممبئی ہائی کورٹ میں کل کرنل پروہت کی جانب سے اس کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی عرضداشت پر سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دیا ہے۔
کرنل پروہت نے عدالت میں یہ عذر پیش کیا کہ اس کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ موكل روہتگی بحث میں حصہ لیں گے جو کورونا کی وجہ سے دہلی سے ممبئی کا سفر کرنے سے قاصر ہیں۔ دوران کاروائی ممبئی ہائی کورٹ میں جمعة علماء مہاراشٹر (مدنی روڈ) کی جانب سے مالیگاؤں بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے کیلئے سینئر بی اے دیسائی کے علاوہ ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ میتالی سیٹھ، ایڈوکیٹ کرتیکا اگروال و دیگر موجود تھے۔
ملزم سمیر کلکرنی نے ممبئی سیشن عدالت کے ہابر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سادھوی پرگیہ سنگھ، کرنل پروہت عدالت کا وقت برباد کررہے ہیں۔ ان کی ضمانت منسوخ کرنا چاہیے۔ سمیر کلکرنی نے کہا کہ وہ روزانہ پونہ سے ممبئی سفر کرتے ہیں تاکہ عدالت کی کاروائی میں حصہ لے سکیں لیکن کچھ لوگوں کی لاپرواہی کی وجہ سے عدالت کا وقت ضائع ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ مالیگاؤں دھماکہ میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔