ریاست مہاراشٹر سے ایک چونکا دینے والی معلومات سامنے آئی ہے جس میں وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء کے بنگلے کو میونسپل کارپوریشن نے ڈیفالٹر لِسٹ میں ڈال دیا ہے۔
آر ٹی آئی(حق معلومات) کارکن شکیل احمد کے ذریعہ طلب کی گئی معلومات کے مطابق پانی کا لاکھوں روپے کا بِل بقایا ہے۔ وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کی سرکاری رہائش گاہ 'ورشا' پر 24 ہزار زائد روپے باقی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء نے طویل عرصے سے پانی کے بل کی ادائیگی نہیں کی ہے۔ ایسی صورتحال میں متعدد سرکاری رہائش گاہوں پر مجموعی طور پر 24 لاکھ 56 ہزار 469 روپے بقایاجات کا انکشاف ہوا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سب سے زیادہ بقایا سہیادری گیسٹ ہاؤس پر ہے جو 7 لاکھ 45 ہزار روپے سے زیادہ ہے۔ سابق وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے بنگلے 'ساگر' پر بھی ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد روپے باقی ہیں۔
اس کے علاوہ مہاراشٹر کے کابینی وزیر دلیپ ولسے پاٹل کے بنگلے پر تقریباً ساڑھے 3 لاکھ روپے بِل باقی ہیں جبکہ وزیر صحت راجیش ٹوپے کی سرکاری رہائش گاہ پر 2 لاکھ 43 ہزار روپے سے زائد کا بِل باقی ہیں۔
آر ٹی آئی کارکن شکیل احمد نے الزام عائد کیا کہ 'اگر ممبئی میں رہنے والے عام لوگ اپنے پانی کے بِلوں کی ادائیگی وقت پر نہیں کرتے ہیں تو پانی کی فراہمی منقطع ہوجاتی ہے لیکن وزیراعلی اور دیگر وزراء کے بنگلوں پر لاکھوں روپے واجب الادا ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
آر ٹی آئی کارکن کے مطابق اگر سرکاری محکمہ وقت پر پانی کے بقایاجات ادا نہیں کرتا ہے تو عام عوام کیوں اس کا بھگتان کرے۔ انہوں نے سوالیہ اندز میں کہا کہ 'کیا بی ایم سی کمشنر اقبال سنگھ چہل وزراء کی رہائش گاہ پر پانی کی فراہمی میں کمی یا کٹوتی کرنے کی ہمت کریں گے؟
نام | بقایا رقم (روپے میں) کی تفصیلات |
ادھو ٹھاکرے | 24 لاکھ 916 روپے |
وزیراعلی کے سکیورٹی اہلکار | ایک لاکھ 35 ہزار 300 روپے |
اجیت پوار (وزیر خزانہ) | ایک لاکھ 15 ہزار 288 روپے |
نتن راوت (وزیر توانائی) | ایک لاکھ 15 ہزار 288 |
بالا صاحب تھورات | 17 ہزار 779 روپے |
اشوک چوہان | ایک لاکھ 11 ہزار روپے |
سُبھاش دیسائی | ایک لاکھ 21 ہزار 707 روپے |
دلیپ ولسے پاٹل | 3 لاکھ 50 ہزار 752 روپے |
ایکناتھ شِندے | ایک لاکھ 39 ہزار 361 روپے |
راجیش ٹوپے | 2 لاکھ 43 ہزار 520 روپے |
نانا پٹولے | 83 ہزار 514 روپے |
راجیندر شِندے | 23 ہزار 746 روپے |
نواب ملِک | 70 ہزار 389 روپے |
چھگن بھُجبل | ایک لاکھ 44 ہزار 415 روپے |
رام راجا نِمبالکر | ایک لاکھ 27 ہزار 797 روپے |
دیویندر فڑنویس | ایک لاکھ 24 ہزار 553 روپے |
سہیادری گیسٹ ہاؤس | 7 لاکھ 45 ہزار 856 روپے |