یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) نے یونیورسٹیوں اور کالجوں کو کھولنے کے لئے رہنمایانہ ہدایات جاری کی ہیں۔ تاہم ریاست مہاراشٹرا کی وزارت تعلیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریاست کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجوں میں کمیشن کی جانب سے وضع کیے گئے حفاظتی اور ہیلتھ پروٹوکول حفظ ماتقدم کے طور پر رہنمایانہ ہدایات پر عمل آوری کے لئے متعلقہ ریاست؍مرکزی حکومتیں فیصلہ کریں گی۔
وزارت تعلیم کے مطابق ’’یونیورسٹی اور کالج کیمپس مرحلہ وار طریقے پر کھولے جا سکتے ہیں۔ سبھی تحقیقی طالب علموں اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کورسز کے ماسٹرز طلباء کو پہلے کالج بلایا جا سکتا ہے کیونکہ ان کی تعداد دوسرے کورسز کے طلباء سے کم ہے۔ اس کے علاوہ اگر طلباء چاہیں تو کلاسز میں شرکت نہ کرکے گھر میں رہ کر آن لائن کورسز میں حصہ لے سکتے ہیں۔‘‘
یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق کورونا انفکشن کی علامات والے طلباء کو کیمپس، یونیورسٹی یا کالج ہاسٹل میں شیئر روم میں رہنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔
مزید پڑھیں؛ محکمۂ تعلیم کی پرائیویٹ اسکولز کو تنبیہہ
دوسری جانب وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اُدے سامنت کا کہنا ہے کہ ’’یونیورسٹی گرانٹ کمیشن نے ملک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ کالجوں اور تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے لئے تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں تاہم طلبا کو ریاست میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے شروع ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یو جی سی کے رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے ریاست میں کالج شروع کرنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔‘‘
انکے مطابق دیوالی کے بعد کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے اور وزیر اعلیٰ اور وائس چانسلر سے ملاقات کے بعد ہی تعلیمی اداروں کو کھولے جانے کا فیصلہ لیا جائے گا۔