ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاوں کے دیہات سوندانہ گاؤں میں موجود منی ڈیم میں ایک نوجوان کے غرق ہونے سے موت ہوگئی، نوجوان کی شناخت شنکر نیوتی پنڈت کے طور پر ہوئی ہے، جس کی عمر بیس برس تھی اور وہ سوندانہ گاؤں اپنے دوستوں کے ساتھ مذکورہ ڈیم میں نہانے کی غرض سے گیا تھا۔
گاؤں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھیوں نے اس کی لاش کو منی ڈیم میں گھنٹوں تک تلاش کیا لیکن انہیں لاش نہ ملنے کی وجہ سے گاؤں کے سرکردہ افراد نے مالیگاوں شہر کے سماجی کارکن شفیق سے رابطہ کیا اور اس حادثے کی اطلاع دی، اس کے بعد موصوف نے مقامی فائر بریگیڈ عملہ کے شکیل تیراک کو فون کر کے معاملے کی جانکاری دی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی شکیل تیراک سوندانہ کے منی ڈیم پر فورا پہنچ کر 30 سے 35 فٹ گہرے پانی سے کچھ گھنٹوں کی مشقت کے بعد لاش کو باہر نکالا، واضح رہے کہ رواں ماہ میں انہوں نے مختلف ڈیموں سے اب تک 8 افراد کی لاش کو نکال چکے ہیں۔