ریاست مہاراشٹر کے تجارتی شہر الہاس نگر میں کورونا متاثر مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹرز اور دوسرے عملے کے لیے انتہائی خراب کھچڑی اور ایکسپائر ہو چکے بسکٹ سے بھرا ٹیمپو کارپوریشن ہیڈکواٹر میں خالی ہونے سے قبل ہی مقامی افراد نے اسے پکڑ کر پورے معاملے کا انکشاف کیا ہے۔
کارپوریشن کی اس حرکت کو لیکر شہریوں میں شدید ناراضگی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق ممبئی کے وڈالا علاقے سے ایک ٹیمپو خراب ہو چکی کھچڑی، ایکسپائر بسکٹ، توتھ پیسٹ، برش، صابن وغیرہ بھر کر تھانے ضلع کے الہاس نگر کے لیے روانہ ہوا۔ الہاس نگر اس ٹیمپو کے پہنچتے ہی 'مہاراشٹر نونرمان سینا' اور 'بھارتیہ جنتا پارٹی' کے کارکنان نے شک کے بنا پر اسے روک کر جب تلاشی لی تو اس پورے معاملے کا پردہ فاش ہوا ہے۔
واضح ہوکہ الہاس نگر شہر کے کووڈ ہسپتال اور سینٹر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ڈاکٹرز، نرس، وارڈ بوائے کے علاوہ دوسرے اسٹاف اور قرنطینہ مریضوں کو اس خورد نوش اشیاء کو منگایا گیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق اس ٹیمپو پر مہاراشٹر انتظامیہ کا بورڈ نصب تھا مگر اس ٹیمپو ڈرائیور کے پاس کوئی دستاویزات موجود نہیں تھے۔ جب اس ٹیمپو میں رکھے باکس کو کھول کر افراد نے تفتیش کی تو کھچڑی سے زبردست بدبو آ رہی تھی اور اس میں کیڑے بھی تھے جبکہ بسکٹ ایک ماہ قبل ہی ایکسپائر ہو چکے تھے۔ الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے پی آر او یووراج بھدانے نے بتایا کہ الہاس نگر کارپوریشن کا اس خورد نوش اشیاء سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

کارپوریشن نے کہا کہ ہمارے جانب سے اس طرح کا کوئی آرڈر نہیں دیا گیا ہے اور کارپوریشن ہیڈ آفس میں حفاظتی خدمات انجام دے رہے نجی اہلکاروں اور دیگر کی تفتیش ہوگی۔