سرزمین رامپور میں واقع حضرت مستان شاہ بابا کی درگاہ پر حضرت کا سالانہ عرس جاری ہے۔ جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند پہنچ کرعلماء کرام کے وعظ و نصیحت سے مستفیض ہو رہے ہیں۔
عرس کے دوسرے روز آج مرادآباد سے تشریف لائے معروف عالم دین مولانا مستجاب حسین قدیری نے ملک کے موجودہ حالات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 'ملک میں بدامنی کا ماحول قائم ہوگیا ہے۔ فرقہ واریت کو فروغ دینے کے لیے نئے نئے شگوفے چھوڑے جا رہے ہیں۔'
طلاق ثلاثہ قانون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'عورت کو شوہر مخالف بنانے کے لیے حکومت نے یہ قانون بنایا ہے۔ جمہوری ملک میں حکومت کو کسی کے بھی مذہبی معاملات میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔'
مولانا موصوف نے مزید کہا کہ 'نکاح، طلاق وغیرہ یہ سب شرعی احکامات ہیں۔ جس کی ادائیگی مسلمان شریعت کے دائرے میں رہ کر ہی کرتے ہیں۔ اپنے عوامی خطاب میں طلاق ثلاثہ قانون پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے پرزور لہجے میں کہا کہ 'شریعت میں مداخلت کرنے والا قانون ہمیں کسی بھی صورت میں منظور نہیں ہے۔'