اترپردیش کے میرٹھ شہر میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے جبکہ سانس کے مریضوں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا۔
موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے شمالی علاقوں خاص طور پر دہلی، این سی آر اور مغربی اترپردیش میں فضائی آلودگی میں اضافہ درج کیا گیا تھا، تاہم دیوالی میں آتش بازی اور پٹاخوں کے دھوئیں سے فضائی آلودگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا۔
ایک طرف جہاں پٹاخوں کے دھوئیں نے فضائی آلودگی میں اضافہ کیا ہے، وہیں اس کی وجہ سے سانس کے مریضوں کے علاوہ کورونا سے متاثرہ افراد کےلیے بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آلودگی میں کمی نہیں کی گئی اور آتشبازی پر روک نہیں لگائی گئی تو انسانی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
میرٹھ: پٹاخے کا بڑا ذخیرہ برآمد
ماہرین کا ماننا ہے کہ دیوالی پر ہوئی آتش بازی کی وجہ سے فضا میں آلودگی بڑھی ہے۔ علاقے کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ‘فضائی آلودگی کی سطح میں تیزی سے ہورہے اضافے کو دیکھتے ہوئے سانس مریضوں كو فی الحال گھر میں ہی رہنے کی صلاح دی جارہی ہے تاکہ فضائی آلودگی سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے‘۔