بہار کے مدھے پورا میں 29 مارچ کی رات جن 13 لوگوں کو دورم مدھے پورہ ریلوےاسٹیشن سے پکڑ کر ضلع ہیڈکوارٹر کے سٹی کونسل واقع رین بسیرا میں رکھا گیا تھا اب وہ تمام لوگ گھر جانا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی پریشانی کے باوجود بھی نہ ڈاکٹر ان کی جانچ کرتے ہیں نہ ہی ان کو دوائیں مل رہی ہیں۔ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے گھر والوں کو بھی ان کی اطلاع نہیں ہے۔
ان لوگوں کو کھانا اور پانی تو فراہم کیا جا رہا ہے لیکن ان کے حالات سے نہ تو سٹی کونسل واقف ہے نہ ہی ضلع انتظامیہ اور نہ ہی محکمہ صحت آگاہ ہے۔ اس وقت 13 افراد کو رین بسیرا میں رکھا گیا ہے۔ جن میں ساہرہ باشندہ اوپیندر کامت کی طبیعت خراب ہونے کے سبب اسے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ باقی 12 افراد کو وقت پر چائے، نمکین اور کھانے کا سامان دیا جارہا ہے لیکن ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ انہیں ماسک کا سنیٹائزر بھی مہیا نہیں کرایا گیا ہے۔
رین بسیرا میں موجود 12 افراد میں سے بہت سے محنت کش افراد ہیں اس کے علاوہ ایسے بھی افراد ہیں جو اپنے رشتے دار کے یہاں جا رہے تھے لیکن رات ہو جانے کی وجہ سے وہ سبھی دورم مدھےپورہ اسٹیشن پر آرام کرنے لگے وہیں سے ان سبھی کو پکڑ کر رین بسیرا میں ڈال دیا گیا۔
لوگوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کی بھی جانچ کی جائے اور انہیں گھر واپس بھیجا جائے۔