ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے آج ٹانڈہ اسمبلی حلقہ پہنچ کر اسمبلی انتخابات 2022 سے متعلق عوام کے رجحانات جاننے کی کوشش کی اور یوگی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
ٹانڈہ کے عوام نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے یوگی حکومت کو اپنی زبردست تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوگی سرکار ہر معاملے میں فیل نظرآتی ہے۔ لوگوں نے سب سے زیادہ مہنگائی پر تبصرہ کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوںں میں بے تحاشہ اضافہ پر عام لوگوں نے غصے کا اظہار کیا۔
وہیں کچھ لوگوں نے بے روزگاری کے مسئلہ پر یوگی حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 4 سالوں کے دوران بڑی تعداد میں لوگ بیروزگار ہوئے ہیں۔ انہوں نے اترپردیش میں حکومت کی تبدیلی پر بھی زور دیا۔ 2022 انتخابات میں یوگی کو اقتدار سے بے دخل کرکے سماجوادی پارٹی کی حکومت بنانے کا بھی عوام میں رجحان دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے عبداللہ اعظم خاں کی اپیل خارج کر دی
اس موقع ٹانڈہ کے لوگوں نے کسان احتجاج سے متعلق حکومت کے رویہ پر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 ماہ سے کسان سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن حکومت اپنی ضد پر اڑی ہوئی ہے۔ ٹانڈہ کی عوام نے اعظم خاں کے فرزند عبداللہ اعظم کو دوبارہ رکن اسمبلی کے طور پر منتخب کرنے کا عزم ظاہر کیا۔