ریاست اترپردیش کے ضلع بلیا میں شدید گرمی کی تاب نہ لاکر تین مہاجر مزدور ہلاک ہوگئے۔ ان میں سے دو مزدور ٹرین میں جبکہ تیسرا روڈ ویز بس میں دم توڑ گیا۔
چوبیس گھنٹوں کے اندر تین مزدوروں کی ہلاکت کے سبب ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ تینوں ہلاک افراد کے نمونے لینے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
آپ کو بتادیں کہ بلیا سے جے نگر جانے والی ٹرین میں نیپال کے ایک شخص کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ بلیا پہنچنے پر ٹرین کو روکا گیا اور بیمار شخص کو اتار کر اسے ضلعی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔
اسی طرح سورت سے بہار کے ضلع چھپڑا جانے والی مزدور اسپیشل ٹرین میں ایک شخص کی طبیعت خراب ہوگئی۔ چلتی ٹرین میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔ جب ٹرین بلیا پہنچی تو اسٹیشن پر موجود عہدیداروں نے ٹرین کو روکا اور لاش کو نیچے اتار کر پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا۔
سورت سے بلیا پہنچے بیریا تھانہ علاقے کے مدھوبنی گاؤں سے تعلق رکھنے والا ایک شخص اپنی اہلیہ کے ساتھ بس میں سوارتھا بس میں اچانک غشی کھاکر گرنے کے سبب وہ بھی ہلاک ہوگیا ۔بلیا پہنچنے پر بس اسٹیشن پر موجود محکمہ صحت کے ملازمین نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔