ریاست اترپردیش کے رامپور میں طلبا تنظیم 'ایس آئی او' کی جانب سے تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ انعامات ان طلبا کو دیے گئے جنہوں سیرت کوئز مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
طلبا و نوجوانوں کے درمیان اسلامی فکر کو عام کرنے والی طلبا تنظیم ایس آئی او یعنی اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی رامپور یونٹ کی جانب سے تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایس آئی او نے مسلم طلبا کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعارف کرانے کے مقصد سے سیرت کے موضوع پر مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا تھا۔
اس تقریب میں بہتر کارکردگی پیش کرنے والے طلبا کو ان کی حوصلہ افزائی کے لیے آج انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ تاہم ان تمام مقابلوں میں پہلا انعام مجتبیٰ حسین کو دیا گیا۔
اس موقع پر رامپور پہنچے ایس آئی او کے قومی جنرل سکریٹری اظہر الدین نے طلبا اور ان کے والدین سے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبی کے پیغام کی جانب راغب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس بات کا تقاضہ کر رہے ہیں کہ سیرت کے پیغام کو عام کیا جائے اور یہ کام اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب ہمارے مسلم طلبا نبی کی سیرت کا مطالعہ کریں۔ اسی لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر فرد سیرت کے موضوع پر کسی نہ کسی کتاب کا ضرور مطالعہ کرے۔
ایس آئی او اترپردیش مغربی زون کے صدر ندیم احمد نے کہا کہ طلبا کے درمیان سیرت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کرائے گئے ان مقابلوں میں رامپور کے طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے مقابلوں اور کوئز کمپیٹیشنز سے طلبا کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔