لکھنؤ: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک و اتر پردیش میں کورونا کی زد میں آنے سے بڑی تعداد میں لوگوں کی اموات ہوئی ہیں، جس وجہ سے بہت سارے بچے یتیم ہو گئے، اب اُنکے سامنے تعلیم و تربیت کا بڑا مسئلہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں ہم شاہین اکادمی کے ساتھ مل کر یتیم بچوں کو مفت میں اعلیٰ تعلیم کا پورا انتظام کر رہے ہیں لہٰذا آپ سبھی ایسے بچوں کی تلاش کریں اور ہمارے پاس لائیں۔
مولانا خالد رشید فرنگی نے کہا کہ یتیم بچوں کی تعلیم میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، اسے یقینی بنانے کے لئے شاہین اکادمی اُن بچوں کا پورا خرچ اٹھانے کو تیار ہے۔ کیونکہ جن بچوں کے والد کی موت ہو گئی ہے، ان کے سامنے آگے کی تعلیم حاصل کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے یہ اقدام کر رہے ہیں۔ میری سب لوگوں سے اپیل ہے کہ سبھی لوگ اس کام میں ہماری مدد کریں اور ضرورت مند بچوں کو ہم تک پہنچائیں تاکہ ہم ان کی پوری مدد کر سکیں۔