رامپور میں اردو ادب کا درخشاں ستارہ اور نامور شاعر و صولت پبلک لائبریری کے صدر سین شین عالم کے سانحہ ارتحال پر علمی، ادبی اور سماجی حلقوں میں سوگ پسرا ہوا ہے۔
معروف شاعر شکیل غوث رامپوری نے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'شاہ عالم رامپور ادبی و سماجی دنیا کے انتہائی سرگرم، فعال اور متحرک شخصیت تھے۔ سین شین عالم نہ صرف ایک اچھے شاعر، بہترین ناظم، بہترین مقرر اور ساتھ ہی ساتھ وہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔'
شکیل غوث نے کہا کہ 'شاہ عالم کا ہمارے درمیان سے چلے جانا ادبی سماج اور ادبی حلقہ کا بڑا خسارہ ہے'۔
سین شین عالم کو یاد کرتے ہوئے شکیل غوث نے یہ بھی کہا کہ وہ رضا ڈگری کالج میں میرے ہم مکتب بھی رہے، جب ہم وہاں سے گریجویشن کر رہے تھے۔ ساتھ ہی شیریں سفر کا آغاز بھی ہم دونوں نے ایک ساتھ کیا تھا۔ سین شین عالم کے سانحہ ارتحال سے مجھے ذہنی اور قلبی تکلیف پہنچی ہے۔ آخر میں انہوں نے مرحوم سین شین عالم کے اہل خانہ کے لئے صبر و تحمل کی دعا بھی کی۔