ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں قائم محمد علی جوہر یونیورسٹی کی جانب سے 'تحریک آزادی میں ڈانڈی مارچ کا کردار' کے موضوع پر ایک روزہ ویبینار کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس موقع پر مقررین نے عظیم مجاہد آزادی مولانا محمد علی جوہر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی ہند میں مولانا محمد علی جوہر نے اپنی بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔
رامپور میں قائم محمد علی جوہر یونیورسٹی کو جہاں ایک طرف سیاست کا شکار بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وہیں دوسری جانب یونیورسٹی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے طلبا کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مختلف تقاریب کا بھی مسلسل اہتمام کر رہی ہے۔
کشاگر شری واستو نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ویبینار میں شامل تمام مہمانان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شمائلہ نعیم نے مجاہدین آزادی کے موضوع پر اپنے خطاب میں سرادا ولبھ بھائی پٹیل، جواہر لال نہرو، سبھاش چندر بوس، بھگت سنگھ، سکھدیو، چندر شیکھر آزاد، کنور سین کے علاوہ دیگر مجاہدین کا عمومی تعارف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان مجاہدین آزادی نے جدوجہد آزادی میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا جبکہ ڈاکٹر ریکھا سروہی نے تحریک آزادی ہند میں ڈانڈی مارچ کا کردار کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔
اس موقع پر ماہرہ اخلاق نے تحریک آزادی میں مولانا محمد علی جوہر کی خدمات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 'محمد علی جوہر تحریک آزادی کے سالار تھے وہ انگریزوں کی غلامی سے آزادی کے لیے اپنی زندگی کے آخری وقت تک جدوجہد کرتے رہے یہاں تک موت سے قبل انہوں نے انگریز حکمرانوں کے درمیان کہا تھا کہ یا تو تم مجھے آزادی دو یا پھر دفن ہونے کے لیے دو گز زمین، کیوں کہ میں غلام ملک میں مرنا نہیں چاہتا'۔
بعد ازاں کلچرل کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر گلریز نظامی نے ویبینار میں سامل شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے معاونین کو کامیاب پروگرام کے لئے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر نامے علی، ڈاکٹر پلکت اگروال، ڈاکٹر راہین شمع، انا انجم، اقرا معظم اور رابعہ خان وغیرہ نے بھی موضوع سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔