10 سینئر رہنماوں کو چھ برس کے لیے پارٹی سے باہر کا راستہ دکھا گیا ہے، اس کے بعد سبھی سینئر رہنماوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش کی کہ ان کے ساتھ غلط ہوا۔
پارلیمانی انتخابات 2019 کے نتائج کے بعد یوپی کانگریس کمیٹی میں بڑے پیمانے پر ردو بدل ہوئے جن میں سب سے بڑی تبدیلی ریاستی صدر راج ببر کی جگہ پر اجے کمار للو کو کانگریس کمیٹی کا نیا صدر منتخب کیا گیا تھا۔
اجے کمار للو کو زمینی سطح کا رہنما مانا جاتا ہے جن کی عوام میں خاصی پکڑ ہے لیکن کچھ سینئر کانگریسی رہنماوں کو ان کی تاجپوشی پسند نہیں آئی۔ کیونکہ تقریب میں سبھی سینئر رہنماوں کو درکنار کر دیا گیا تھا۔
لہٰذا انہوں نے بغاوتی رخ اختیار کرلیے جس کے بعد وقتاً فوقتاً ان کی لکھنؤ میں میٹنگز ہوتی رہیں۔
اسی طرح کی ایک میٹنگ14 نومبر کو بھی ہوئی جس کے بعد سے ہی مانا جارہا تھا کہ ان پر کبھی بھی کاروائی ہو سکتی ہے اور وہی ہوا۔
10 سینئر رہنماوں کو چھ سال کے لیے پارٹی سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا اس کے بعد سبھی سینئر رہنماوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش کی کہ ان کے ساتھ غلط ہوا۔
یوپی کانگریس کمیٹی کے سابق نائب صدر اور سابق ایم ایل سی سراج مہدی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ 'جس طرح سے ہم سبھی کو نکالا گیا ہے وہ کانگریس کے آئین کے خلاف ہے اور غلط طریقے سے ہمیں نکالا گیا'۔
انہوں نے کہا کہ 14 نومبر کو 'ہم نے میٹنگ کی تھی اگر وہ غیر قانونی تھی تو ہمیں 15 تاریخ کو کیوں نہیں نکالا گیا۔یا اس کے بعد ہمیں کوئی نوٹس کیوں نہیں دی گئی'؟
انہوں نے کہا کہ کانگریس کمیٹی میں کچھ لوگ فرضی ہیں جو فرضی طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ لہٰذا اپنی ناکامی چھپانے کے لیے وہ انھیں بلی کا بکرا بنا رہے ہیں۔
سینئر کانگریسی رہنما وسابق رکن پارلیمان سنتوش سنگھ نے بات چیت کے دوران بتایا کہ انھیں جس طرح سے نکالا گیا ہے اس سے وہ مایوس ہیں۔
سنتوش سنگھ نے کہا کہ انھیں ذاتی طور پر کئی بڑی پارٹیوں میں شامل ہونے کا آفر دیا گیا، لیکن انھوں نے کبھی بھی ہاں نہیں کیا، کیونکہ وہ دل سے کانگریسی ہیں۔
لیکن افسوس کہ انھیں یہ بھی دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ انھوں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس کی وجہ انھیں سزا یہ ملی ہے۔
اس سلسلہ میں خارج شدہ لیڈرز صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں،انھوں نے کہا کہ وہ اس پورے معاملے کی تفصیل صدر کانگریس کے سامنے رکھیں گے۔