کورونا وبا کی دوسرے لہر میں جب ہر طرف لوگوں کی اموات ہو رہی تھیں، اس مشکل وقت میں پیپل الائنس کے ذمہ داران ضرورت مندوں کو مفت میں آکسیجن سلینڈر مہیا کرا کے لوگوں کی جانیں بچا رہے تھے۔
پیپل الائنس کے صوبائی صدر انجینئر شاہ رخ احمد نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کورونا وبا کی دوسری لہر بہت ہی خطرناک تھی، لوگ آکسیجن کی کمی سے دم توڑ رہے تھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہر کوئی عزیز و اقارب کی اموات کی خبر دے رہا تھا۔ لوگ بے سہارا اور بے یارو مددگار بھٹک رہے تھے۔ ایسے موقع پر کورونا بہران کے وقت پیپل الائنس تنظیم نے ضرورت مندوں کو آکسیجن سلینڈر مہیا کرایا اور انسانیت کا پیغام عام کیا۔
ڈومریاگنج علاقے میں پیپل الائنس تنظیم نے ہر مشکل وقت میں عوام کی ہر ممکن مدد کی جبکہ رمضان کا مہینہ سائے فگن تھا۔ پیپل الائنس کی پوری ٹیم روزے رکھ کر مسلسل آکسیجن سلینڈر مہیا کرانے میں مصروف تھی۔
انجینئر شاہ رخ نے مزید کہا کہ ہماری تنظیم نے بانسی، اٹوا، شہرت گڑھ، ڈومریاگنج وغیرہ جگہوں کے علاوہ پڑوسی اضلاع میں بھی لوگوں کی ہر ممکن مدد کی پوری کوشش کی۔ فی الوقت بھی اگر کسی شخص کو آکسیجن سلینڈر کی ضرورت ہو، تو وہ پیپل الائنس آفس ڈومریاگنج سے لے سکتے ہیں۔ طبی عملہ سے فراہم جانکاری کے مطابق ہماری تنظیم کورونا وبا کے تیسرے مرحلے سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے پہلے سے تیاری کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پیپل الائنس نے کورونا وبا کے پہلے دور میں بھی بڑے پیمانے پر غریب، مجبور و ضرورت مند لوگوں کو راشن کٹ، ماسک، دوائیں و مہاجر مزدوروں کے آنے پر "پردیسی مزدور ہیلپ ڈیسک" بنا کر عوام کی مدد کی تھی۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر میں پیپل الائنس نے ضرورت مندوں کی مدد کی ہے اور یہ خدمت خلق کا جذبہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ پیپل الائنس کے ذمہ دار نے بتایا کہ کورونا کی تیسری لہر کے مدنظر ابھی سے ہماری تیاری ہو رہی ہے تاکہ ہم مہلک بیماری میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کر سکیں کیونکہ یہی انسانیت کا فریضہ ہے۔