اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد کے ماؤ دروازہ علاقے میں جمعرات کو ایک سڑک حادثے میں موٹرسائیکل سوار اسکول آپریٹر کی موت ہوگئی جبکہ اس کی اہلیہ اور ایک دیگر شخص شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ کاس گنج کے کسولی سنگڑھی کے رہنے والے ایک اسکول کے آپریٹر اسرار احمد (55) اپنی اہلیہ بھوری (50) اور ایک دیگر یشپال نامی شخص کے ساتھ موٹر سائیکل سے فرخ آباد شہر دوا لینے کے لئے جارہے تھے کہ ماؤ دروازہ علاقے کے گرام نگلا کلاں کے نزدیک سامنے سے آرہے ایک سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں موٹرسائیکل پلٹ گئی۔ اس واقعہ میں اسرار کی موت ہوگئی اور اس کی بیوی اور یشپال سنگین طور سے زخمی ہوگئے۔
حادثہ ہوتے ہی قائم گنج کے ایس ڈی ایم جائے واقعہ سے گذرے تو گاؤں والوں نے ان سے زخمیوں کو ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال پہنچانے کی درخواست کی لیکن افسر نے زخمیوں کے تئیں تعاون نہیں کیا اور چلے گئے۔ اس کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے جائے واقعہ پر جام لگادیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ماؤ دروازہ تھانہ کے داروغہ اندرجیت اپنی پولیس ٹیم جائے واقع پر لے کر پہنچے جہاں انہوں نے زخمیوں کو فرخ آباد کے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال بھجواکر سڑک پر لگے جام کو کھلوایا۔
(یو این آئی)