شمالی بھارت میں اس وقت سردی کا ستم جاری ہے۔ سرد لہر سے معمول کی زندگی تو متاثر ہوئی ہی ہے لیکن موسم کا یہ مزاج سب سے زیادہ غریب اور بے سہارا افراد کے لئے پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے۔
ایسے میں ان افراد کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام کوششیں کی جاری ہیں جن کے پاس اس سے محفوظ رہنے کے ذرائع کم ہیں۔ اس سمت میں ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی میں ایک کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر کی جانب سے منفرد پہل کی گئی ہے۔
نیشنل کمپیوٹر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اس بار نیکی کی دیوار قائم کی گئی ہے۔ نیکی کی اس دیوار میں عوامی تعاون سے پرانے کپڑے رکھے گئے ہیں۔
یہاں سے غریب اور بے سہارا افراد کسی بھی وقت کپڑے اور سویٹر وغیرہ لے سکتے ہیں۔
نیشنل کمپیوٹر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ہر برس سردی کے موسم میں غریبوں کو کپڑے تقسیم کئے جاتے تھے لیکن رواں برس نیکی کی یہ دیوار قائم کی گئی ہے۔
نیکی کی اس دیوار میں کپڑے یکجا کرنے کی ذمہ داری کمپیوٹر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے طلبا اور اساتذہ کی ہے۔ وہ اپنی کوششوں سے یہاں کپڑے جمع کرتے ہیں۔
بارہ بنکی شہر کے سترکھ ناکہ کے قریب واقع نیکی کی دیوار کے لئے ایک شخص نے اپنی دکان بھی دے دی ہے۔ سردی کے موسم میں جب تک نیکی کی دیوار چلے گی تب تک وہ اپنی دکان مفت میں دیں گی۔