انڈو اسلامک کلچرل فاونڈیشن ٹرسٹ کے ممبر کیپٹن افضال احمد خان نے ایودھیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وی سی اور دوسرے افسران کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں پروجیکٹ پر تبادلہ خیال ہوا۔
ٹرسٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نقشہ 11 سیٹوں میں ایودھیا ڈویلپمینٹ اتھارٹی کے وی سی وشال سنگھ کو سونپ دیا گیا ہے۔ اس ساتھ ہی نقشے کی منظوری کے لیے ٹرسٹ نے پروسیسنگ فیس کے طور پر 89 ہزار روپے جمع کر دیے ہیں۔
ٹرسٹی کیپٹن افضال خان نے بتایا کہ پروجیکٹ کا نقشہ بہت بڑا ہے اور عام نقشے سے بہت مختلف ہے۔ لہٰذا اس کی آن لائن درخواست نہیں دی جاسکتی ہے۔ ٹرسٹی افضال نے ایودھیا ڈویلپمینٹ اتھارٹی کے وی سی سے نقشہ آف لائن منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔
وہیں، محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کو 80 جی سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
معلوم رہے کہ 80 جی سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے پر ٹرسٹ کو چندہ لینے میں دشواری ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مرکزی حکومت اور وزارت خزانہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
معلوم رہے کہ ایودھیا کے دھنی پور مسجد و ہسپتال کی دو الگ عمارت ہوں گی۔ ہسپتال چار منزلہ ہوگا اور اس کے ساتھ لائبریری، کمیونٹی کچن اور میوزیم بنایا جائے گا۔ مسجد 3500 اسکوائر میٹر پر جبکہ 24150 اسکوائر میٹر پر ہسپتال و دوسری عمارتیں تعمیر ہوں گی۔ مسجد میں ایک ساتھ دو ہزار مصلی نماز ادا کر سکیں گے جبکہ 300 بیڈ کا ملٹی اسپیشلٹی ہسپتال ہوگا۔