معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق نے تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کو ملک کے وفادار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’وہ لوگ کبھی لڑائی جھگڑے کی بات نہیں کرتے لہذا اُنہیں کورونا وائرس پھیلانے کا قصوروار ٹھہرانا بالکل غلط ہے۔‘‘
مولانا کلب صادق نے اپنے بیان میں میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’میڈیا اداروں میں بدعنوانیاں عروج پر ہیں، میڈیا کا کام لوگوں کو ملانا ہے نہ کہ لڑانے اور نفرت کی باتیں کرنا۔ یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ آج میڈیا نفرت پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’میں تبلیغی جماعت کو نہیں جانتا اور نہ ہی ان سے میرا کوئی تعلق ہے، یہاں تک کہ میں انکے کے چیف (مولانا سعد) کو بھی نہیں جانتا لیکن تبلیغی جماعت کبھی لڑنے جھگڑنے کی بات نہیں کرتے۔‘‘
مولانا کلب صادق نے بے باک انداز میں کیا کہ ’’وہ ملک کے وفادار ہیں، سیدھے سادے لوگ ہیں اور دین کی بات کرتے ہیں۔
’’بھارت میں سبھی مذاہب کے لوگ رہتے ہیں یہ کسی ایک مذہب کا ملک نہیں ہے۔ تبلیغی جماعت پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگانا بالکل غلط ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس بلا تفریق رنگ و نسل، عمر و جنس کسی بھی متاثر کر سکتا ہے، وائرس کی وبا انسان کی عمر، جنس، رتبے یا مذہب کا خیال نہیں کرتا۔