بریلی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) سے مقامی تاجر اور شہری کئی مرتبہ پارکنگ کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ لیکن بی ایم سی کی جانب سے اب تک یہ ضروری سہولت فراہم نہیں کرائی جاسکی ہے۔
بورڈ کی میٹنگز میں کارپوریٹرس نے ہنگامہ کیا تو فوری طور پر بی ایم سی نے شہر کے سب سے مصروف بازار میں متعدد شو رومز کے سامنے عارضی پارکنگ قائم کر دی اور باقاعدہ اُس کا ٹھیکا بھی دے دیا۔ دکانوں کے سامنے بنے پارکنگ کے حوالے سے دکانداروں اور ویاپار منڈل کے عہدیداران نے ہنگامہ کرکے اس عارضی پارکنگ کی مخالفت شروع کر دی۔
شہر میں پارکنگ کا نہ ہونا سب سے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ بڑی گاڑیوں کے شہر میں داخل ہونے پر مکمل طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے باوجود شہر میں جام کا مسئلہ ایک بڑی پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔
وجہ یہ ہے کہ شہر کے کسی بھی خطے میں پارکنگ کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ظاہر ہے کہ شہر میں داخل ہونے والے شہری یا دیگر اضلاع سے آنے والے مسافر بے جگہ اپنی گاڑیوں کو پارک کرتے ہیں۔جس کی وجہ سے شہر میں جام لگتا ہے۔
ان تمام پریشانیوں کے پیش نظر بی ایم سی کے پاس ابھی تک پارکنگ کا کوئی معقول انتظام نہیں ہے۔گاڑیوں کو پارک کرانے کے نام پر صرف روٹ ڈائورزن کر کے پورے دن جام کُھلوانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
بی ایم سی نے جو عارضی پارکنگ کا انتظام کیا ہے، وہ لوگوں کو سہولت بہم پہنچانےکے بجائے دشواریاں پیدا کر رہا ہے۔ حالانکہ اس تعلق سے میئر اُمیش گوتم پارکنگ بنانے کے تمام طور طریقے تلاش رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: امروہہ میں کنٹینر حادثہ، چھ ہلاک
بہر حال شہر میں پارکنگ کا مسئلہ تمام انتخابی منشور کا خاص حصہ تو رہا ہے، لیکن بی ایم سی اور ضلع انتظامیہ کی فائلوں میں اس مسئلہ کے حل کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ابھی تک یہ بات واضح طور پر سامنے نہیں آئی ہے کہ شہر کی پارکنگ کے لیے کسی نے سنجیدگی دکھائی ہو۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ضلع کے اعلیٰ افسران اس مسئلے پر کوئی معقول جواب دیں گے یا پھر شہریوں کا صبر جواب دےگا۔