ہریانہ کے ضلع یمنا نگر کے پیارا چوک میں پیش آیا یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ہے۔
اس معاملے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ہونڈا سٹی کار کی رفتار اتنی تیز تھی کہ ڈرائیور کار قابو میں نہ کرسکا اور اس نے سامنے کھڑے ایک بائک سوار کو ٹکر ماردی اور پارکنگ میں کھڑی دیگر کئی گاڑیوں کو بھی ٹکر ماردی۔
ٹکر مارنے کے بعد ملزم ڈرائیور اپنی کار لے کر فرار ہوگیا حالانکہ یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ہے جس میں کار ڈرائیور واضح طور پر نشے کی حالت میں نظر آرہا ہے۔
موقع پر موجود چند لوگوں نے اس ڈرئیور کو پکڑنے کی ناکام کوشش کی لیکن وہ فرار ہوگیا، مزید یہ کہ اس ڈرائیور نے آگے جاکر دو اور گاڑیوں کو ٹکر ماردی اور تب ڈرائیور اپنی گاڑی وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
خیال رہے کہ مذکورہ مقام کافی بھیڑ بھاڑ والا علاقہ ہے لیکن سینیچر کے روز سردی زیادہ ہونے کے سبب اس جگہ لوگوں کی چہل پہل نہیں تھی، ورنہ کوئی بڑا حادثہ بھی پیش آسکتا تھا۔
اس پورے واقعے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے جس میں سے ایک کی حالت کافی نازک بتائی جارہی ہے۔
پولیس نے کار کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جس میں سے ایک شراب کی بوتل اور ایک حقہ برآمد ہوا ہے۔