آج 14 نومبر یعنی یوم اطفال ہے۔ رامپور کے مختلف اسکولوں میں یوم اطفال کے موقع پر جہاں طلبہ نے کبڈی جیسے کھیل کا مقابلہ کرکے چاچا نہرو کو یاد کیا وہیں طالبات نے مختلف رنگولیاں بناکر پنڈت نہرو کی زندگی کو اجاگر کیا۔ ساتھ ہی اس موقع پر بچوں نے ایک دوسرے کو یوم اطفال کی مبارکباد دی۔
بھارت کی تاریخ میں یہ دن کافی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن یعنی 14 نومبر 1889 کو مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو پیدا ہوئے۔ جن کو بچے چاچا نہرو کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ جواہر لال نہرو بچوں سے بیحد محبت کیا کرتے تھے۔ بچے بھی ان سے بے تکلف ہوکر ملتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک نے ان کی یوم پیدائش کے موقع کو یوم اطفال کے طور پر اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے اقوام متحدہ کی جانب سے طے شدہ عالمی یوم اطفال کا اہتمام ہمارے ملک میں 20 نومبر کو کیا جاتا تھا۔ لیکن 1964 میں چاچا نہرو کے انتقال کے بعد سے پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش 14 نومبر کی تاریخ کو یوم اطفال کے طور پر منایا جانے لگا۔