ریاست اتر پردیش کی حزب مخالف جماعت سے وابستہ قانون ساز اسمبلی کے رہنما گووند یادو نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پر تشدد مظاہرے میں زخمی اور ہلاک شدگان کے لیے خصوصی وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
گووند یادو نے کہا کہ جو لوگ اس قانون کی مخالفت کرتے ہوئے زخمی ہوئے ہیں ان تمام لوگوں سے میری درخواست ہے کہ وہ سماجوادی پارٹی کو ووٹ دیں تا کہ ریاست امن بحال ہو اور تمام مظاہرین اور ہلاک شدگان کو معاوضہ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج یہ مظاہرین بھارت کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں، سماجوادی پارٹی ان تمام مظاہرین کے سچے جذبات کی قدردان ہے۔
گووند یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ہماری حکومت آتے ہی میں ان تمام لوگوں کو وظیفہ دینے کا وعدہ کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہورہے پر امن مظاہرے میں تشددبھڑ کانے کا کام بی جے پی اور آر ایس ایس والوں نےکیا ہے، اور اس سارے معاملے کی جانچ ہونی چاہئے۔
مزید پڑھیں: بھاگلپور میں سی اے اے کے خلاف احتجاج
واضح رہے کہ 31 دسمبر کو گووند یادو کی سربراہی میں پارٹی کے مرکزی دفتر سے اسمبلی تک تمام کارکنان نے سی اےاے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ایک سائیکل ریلی بھی نکالی تھی۔