دارالحکومت لکھنؤ کے امین آباد علاقے میں کثیر تعداد میں شادی کے کارڈ چھاپنے والوں کی دکانیں ہیں جو آج سے تین دنوں تک پوری طرح بند رہیں گی۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ایک دکاندار عبدالصادق صدیقی نے بتایا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے کاروبار بری طرح متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تین دن کے لاک ڈاون کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا تین دن کے لاک ڈاون سے کورونا ختم ہوجائے گا؟۔ انہوں نے کاروبار ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ دکاندار، دکانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو تنخواہ دینے کے قابل بھی نہیں ہے۔
عبدالصادق صدیقی نے کہا کہ عین شادیوں کے سیزن سے پہلے لاک ڈاون نافذ کردیا گیا جس کی وجہ سے زبردست نقصان ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو پی حکومت کی نئی گائیڈ لائن کے مطابق شادیوں میں صرف پچاس لوگ ہی شرکت کرسکتے ہیں تو ایسے میں بھلاکوئی کارڈ کیوں چھپائے گا؟
واضح رہے کہ کارڈ شادی سے قبل آرڈر دئے جاتے ہیں اور بطور ایڈوانس بہت کم رقم دی جاتی ہے۔ اب جن لوگوں نے بڑی تعداد میں کارڈ کا آرڈر دیا تھا وہ دکانداروں سے کارڈ نہیں لیں گے جس کا پورا نقصان دکاندار کو ہی ہوگا۔